Saturday, August 21, 2010

کیا یہ ہم نہیں ؟؟؟‌؟

کتنا شور مچا رکھا تھا ہم نے کہ "یہ ہم نہیں"، دہشت گردی کا، ظلم کا پاکستانیوں‌ سے کیا تعلق، ہم تو مسلمان ہیں، شاندار روایات کے امین ہیں، فتح‌ مکہ ہمارا فخر ہے، محبت اور ایثار تو کوئی ہم سے سیکھے، ہم صوفیاء‌ کی سرزمین کے باسی ہیں‌ جن کا پیغام امن اور محبت ہے ۔۔۔ 

اور جو کچھ سیالکوٹ میں ہوا ۔۔۔

شائد اس واقعہ کو ظلم کہنا، اُن درندوں‌ کے ساتھ نرمی ہوگی ۔۔۔ کیا الفاظ بیان کر سکتے ہیں اس درندگی کو، شائد درندے بھی اپنے شکار کو مارنے کے بعد چھوڑ دیتے ہیں، پر یہ "پاک دھرتی" کے سپُوت ہیں، مار کر لاشیں‌ کھنبوں سے ٹانگ دیں ۔۔۔ اور پھر ٹرالی میں ڈال کر گھمایا گیا، اپنا کارنامہ سب کو دکھانے کے لئے ۔۔۔ جتانے کے لئے کہ دیکھو کیا "شاندار انجام" کرتے ہیں معصوم اور مظلوم کا اس معا شرے میں ۔۔۔۔

یقیناً یہ ہم ہیں، یہ وہ گندگی باہر آئی ہے جس سے ہم ہمیشہ آنکھیں چُرا تے تھے، معاشرہ بگاڑ کی ان پستیوں میں پہنچ گیا ہے کہ نہ ہم انسانوں میں، نہ حیوانوں میں ۔۔۔ کیا مارنے والے کسی کے بیٹے نہیں تھے ؟‌ کیا تماشہ دیکھنے والوں میں سے کسی کو اپنی اولاد یاد نہ آئی ؟‌ کس قدر سنگ دل تھے وہ تماشائی جن میں سے کوئی ایک بھی ایسا نہ تھا کہ آگے بڑھ کر روکنے کی کوشش ہی کرتا ۔۔۔ ایک عدد ڈنڈا کھا لیتا پر تھوڑی لاج تو رہ جاتی انسانیت کی ۔۔۔۔

میرے تو الفاظ ختم ہو گئے ہیں دوستو، ایک طرف رمضان کا مہینہ، دو نوجوانوں‌ کی دردناک موت جن میں سے ایک حافظ قرآن، اور اتنی بے حسی کہ کوئی روکنے پوچھنے والا نہیں۔۔۔۔

یااللہ پاک، معاف فرما دے، نہ جانے ہم پر کیا عذاب آئے گا اس بربریت کے بعد ۔۔۔ یااللہ پاک معاف کرنا، رحم فرمانا ۔۔۔



Monday, June 21, 2010

اللہ کے نام سے

اللہ کے نام سے, نہایت مہربان اور رحم والا

یا الہی سچ لکھنے کی توفیق عطا فرما